سبق نمبر 20

انقلابِ زائچہ

آج ہم آپ کو انقلاب زائچہ سکھائیں گے۔

سب سے پہلے تو سمجھنے کی بات یہ ہے کہ انقلاب زائچہ ہوتا کیا ہے۔

قرعہ ڈالنے کے بعد زائچہ کشید کیا جاتا ہے تو بعض اوقات زائچہ کے میزان یعنی پندرہویں خانہ میں شکل جماعت آجاتی ہے۔ جس زائچہ کے میزان میں شکل جماعت آجائے اس کو بند زائچہ کہا جاتا ہے۔ اور اسی طرح جس زائچہ کے میزان میں شکل طریق آجائے تو اس کو منقلب زائچہ کہا جاتا ہے۔

بند اور منقلب زائچہ پر علماء رمل نے احکام لگانے سے منع کیا ہے۔ اگر احکام لگانا بہت ضروری ہو تو پھر ان زائچوں کو نئے سرے سے ترتیب دیا جاتا ہے۔ بند یا منقلب زائچہ کی ترتیب نو کو علم رمل کی زبان میں انقلاب زائچہ کہا جاتا ہے۔ یعنی زائچہ منقلب کرنا کہا جاتا ہے۔

رمل کی سولہ اشکال میں سے وہ اشکال جن میں دو نقطے اور دو لکیریں ہیں میزانی اشکال کہلاتی ہیں۔

زائچہ کے میزان میں اگر میزانی شکل آجائے تو زائچہ درست ہوتا ہے اس کو پڑھ کر حکم لگا سکتے ہیں۔

اگر میزانی اشکال میں سے کوئی شکل میزان میں نہ آئے تو سمجھ لیں کہ زائچہ غلط کشید ہوا ہے اس کی غلطی تلاش کرکے دوبارہ درست کریں۔ پھر حکم لگائیں۔

بند زائچہ کو منقلب کرنے کا عام طریقہ یہ ہے کہ زائچہ کے پہلے خانہ کی شکل کو زائچہ کے پانچویں خانہ کی شکل سے ضرب دے کر ایک نئی شکل حاصل کی جاتی ہے پھر دوسرے خانہ کی شکل کو چھٹے خانہ کی شکل سے ضرب دے کر دوسری نئی شکل حاصل حاصل کی جاتی ہے۔ پھر تیسرے خانہ کی شکل کو ساتویں خانہ کی شکل سے ضرب دے کر تیسری نئی شکل حاصل کی جاتی ہے پھر چوتھے خانہ کی شکل کو آٹھویں خانہ کی شکل سے ضرب دے کر چوتھی نئی شکل حاصل کی جاتی ہے۔

اب یہ چار اشکال آپ کے پاس نئی امہات کی صورت میں موجود ہیں ان چار امہات سے نیا زائچہ کشید کیا جاتا ہے۔ جس کو انقلاب شدہ زائچہ کہتے ہیں۔ بعض اوقات انقلاب کرنے کے بعد بھی زائچہ بند ہی آجاتا ہے اس کو پھر سے منقلب کرنا ہے۔

جب تک زائچہ میزانی شکل میں منقلب نہ ہو جائے اس وقت تک اس کو منقلب کرتے رہتے ہیں۔

راقم الحروف

ڈاکٹر مزمل حسین